بورے والا+ گگو منڈی (نامہ نگاران) انصاف نہ ملنے پر بیوہ خاتون ارشاد بیگم کی دو کمسن بچیوں اور معمر باپ کے ہمراہ ڈی ایس پی آفس کے باہر پٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش، پولیس اہلکاروں اور مقامی شہریوں کی مداخلت پر خاتون اور بچے المناک حادثے سے بچ گئے، تین ماہ قبل خاتون کے مال مویشی کرم پور پولیس بااثر زمینداروں کے ہمراہ زبردستی لے گئی، کہیں سے انصاف نہ ملنے پر یہ انتہائی قدم اُٹھایا۔ نواحی گائوں247ای بی کی بیوہ خاتون ارشاد بیگم نے اچانک اپنی دو کمسن بچیوں اور معمر باپ سردار علی کے ہمراہ ڈی ایس پی آفس بورے والا کے باہر اپنے سمیت سب پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی۔ خاتون ارشاد بیگم نے الزام عائد کیا کہ تین ماہ قبل تھانہ کریم پور کا اے ایس آئی خضر حیات مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نعیم خاں بھابہ کے ایماء پر بااثر زمینداروں سید آغاز شاہ، نیاز شاہ اور اقبال شاہ وغیرہ اُسکے گھر سے مال مویشی زبردستی کھول کر لے گئے، وہ اپنے مال مویشیوں کی واپسی کے لیے ڈی پی او وہاڑی سے لیکر آئی جی پنجاب تک انصاف کی بھیگ مانگتی رہی جب وہ مایوس ہو گئی تو اس نے خودکشی کا فیصلہ کیا۔ اس نے الزام عائد کیا کہ وہ ڈی پی او وہاڑی کے پاس انصاف کے لئے گئے مگر داد رسی نہ ہوئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او صادق علی ڈوگر اور چیئرمین سی پی ایل سی ضلع وہاڑی سہیل صابر چوہدری بھی موقع پر پہنچ گئے اور خاتون ارشاد بیگم کو انصاف کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ڈی پی او نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا۔
بوریوالہ: انصاف نہ ملنے پر خاتون کی کمسن بچیوں، والد سمیت خودسوزی کی کوشش
Oct 21, 2014