لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے دوکنال سے زائد گھروں پر لگژری ٹیکس کی وصولی کے خلاف دائر مزید دس درخواستوں پر حکم امتناعی جاری کردیا۔ عدالت نے پنجاب حکومت اور متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار وں کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ دوکنال سے زائد گھروں پر لگژری ٹیکس وصول کیا جارہا ہے جو غیرقانونی ہے۔ شہری پہلے سے پراپرٹی ٹیکس ادا کررہے ہیں۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ٹیکس وصول کرنے کا اختیار دیا گیا جو قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے لٰہذا حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ عدلت نے درخواستیں باضابطہ سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا۔ عدالت لگژری ٹیکس کے نفاذ کے خلاف دائر متعدد درخواستوں پر پہلے ہی حکم امتناعی جاری کر چکی ہے۔