کراچی (اے پی پی+ آن لائن) ریئر ایڈمرل کمانڈر پاکستان فلیٹ ظفر محمود عباسی، ریجینل ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ بریگیڈیر ابوذر، پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل اطہر مختار اور رشین فیڈریشن ڈرگ کنٹرول سروس کے سربراہ ایچ ای وی پی لیوانوف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اور روس کی بحری افواج دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ روابط کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا صبح پاکستان نیوی کے متعدد یونٹس بشمول سپیشل آپریشنز فورسز پرسنل اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے عناصر بشمول اینٹی نارکوٹکس فورسز کے آبزرورز نے روسی بحری جہازو ں اور رشین فیڈرل ڈرگ کنٹرول سروس کے ارکان کیساتھ ملکر منشیات کی نقل و حمل کی روک تھام کیلئے شمالی بحیرہ عرب میں مشترکہ مشق کی۔ مشق میں حصہ لینے دونوں ممالک کے یونٹوں اور عملے نے جس پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف تھا۔ آن لائن کے مطابق پاکستان اور روس نے بحری افواج کی سطح پر باہمی تعلقات کو فرو غٖ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور اس مقصد کیلئے اعلیٰ سطحی تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ بحری افواج ساری دنیا میں دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ پاکستان اور روس کی بحری افواج دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ روابط کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ روسی بحری جہازوں کی صرف چھ ماہ بعد ہی دوسری مرتبہ آمد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور انہیں مزید فروغ دینے کے دوطرفہ عزم کا واضح ثبوت ہے۔ روسی جہازوں کے اس دورے کا مقصد صرف دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم کرنا ہی نہیں بلکہ سمندر کے ذریعے ہونیوالی غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے مشترکہ آپریشنز کا لائحہ عمل وضع کرنا بھی ہے۔ پاک بحریہ علاقائی سمندری حدود میں جرائم کے خاتمے اور ایک مستحکم بحری ماحول کے فروغ کیلئے بین الاقوامی کوششوں میں حصہ لے رہی ہے جو عالمی معیشت اور توانائی کی سکیورٹی کیلئے اہم ہے۔ توقع ہے روسی بحری جہاز یارسولاو مرڈے کا دورئہ کراچی دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص دوستی اور تعاون کی نئی راہیں ہموار کریگا۔
پاکستان، روس کا بحری افواج کی سطح پر باہمی تعلقات بڑھانے کا عزم
Oct 21, 2014