لاہور (احسان شوکت سے) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سیاسی شخصیات کی سرپرستی میں 917 جوئے کے اڈے چل رہے ہیں۔ ان جوئے خانوں میں کرکٹ میچوں، گھڑ دوڑ، سنوکر و بلیئرڈ کلبوں، تاش، دانے، پرائز بانڈ نمبروں، دانہ مٹکا سمیت ہر قسم کا جوا کھلے عام ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خفیہ اداروں نے پولیس و قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو رپورٹ دی تھی کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سیاسی شخصیات کی سرپرستی میں 9 سو 17 جوئے کے اڈے چل رہے ہیں۔ رپورٹ میں جوئے کے اڈوں کے مکمل پتے، چلانے والی شخصیات اور جوئے کی نوعیت کی مکمل تفاصیل درج ہیں مگر اسکے باوجود پولیس و سیاسی شخصیات کی سرپرستی اور نذرانہ دے کر یہ اڈے آج بھی کھلے عام چل رہے ہیں۔ لاہور میں چلنے والے 917 جوئے خانوں میں سب سے زیادہ سٹی ڈویژن میں 319 جوئے خانے چل رہے۔ کینٹ ڈویژن میں 152، اقبال ٹائون ڈویژن میں 146، سول لائنز ڈویژن میں 130، ماڈل ٹائون ڈویژن میں 104 جبکہ صدر ڈویژن میں 66 جوئے خانے چل رہے ہیں۔کرکٹ جوا کرانے والے مافیا کے بھارت،دبئی اور ساؤتھ افریقہ کے بکئیوں سے رابطے ہیں۔ متعدد تھانوں کی حدود میں پولیس کی ملی بھگت سے جوا ہو رہا ہے۔ خفیہ اداروں کی رپورٹ موصول ہونے کے باوجود پولیس حکام نہ صرف ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں بلکہ اپنا حصہ وصول کر کے بہتی گنگا میں بھی ہاتھ دھو رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنزلاہورڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ جوئے کے اڈوںکیخلاف کارروائی کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیدیا گیا ہے۔اگر کسی بھی تھانے کی حدود میں جوئے کے اڈے موجود ہوئے تو پھر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
پولیس اور سیاسی شخصیات کی سرپرستی، لاہور میں 917 جوئے کے اڈے قائم
Oct 21, 2014