اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے راولپنڈی ڈویژن کے مختلف شہروں کی یونین کونسلوںکی حلقہ بندیوںکے تنازعات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران فریقین کو نوٹسز جاری کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میںجسٹس گلزار احمد اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سماعت کی تو الیکشن کمشن کے وکیل منیر پراچہ نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کی صیح طرح سے تشریح نہیں کی ہے، لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے سیکشن 8 کے تحت حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے، بلدیاتی انتخابات میں کم وقت رہ گیا ہے۔ انہوں نے عدالت سے کیس کا جلد فیصلہ کرنے کی استدعا کی۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ فریقین کو سنے بغیر عدالت کوئی حکم جاری نہیں کرسکتی۔