اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان اور جنوبی کوریا نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ معاہدہ سیول میں دفاعی پیداوار کے وزیرمملکت رانا تنویر حسین اور جنوبی کوریا کے دفاعی صنعت کے فروغ کے ڈائریکٹر جنرل او وو جن کے درمیان ایک ملاقات کے دوران طے پایا۔ طرفین نے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ایک دوسرے کی مدد کرکے دفاعی صلاحیتوں کوبڑھانے پر اتفاق کیا۔دفاعی پیداوار کے وزیر مملکت رانا تنویر حسین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل واجد حسین کے ہمراہ چین اور کوریا کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔ وزیرمملکت نے دفاع نمائش ایڈکس 2015 کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ رانا تنویر حسین نے کوریا کے قومی دفاع کے وزیر مینیکوان سے بھی ملاقات کی ۔