سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

Oct 21, 2015

اسلام آباد+کراچی (آن لائن+نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔ منگل کے روز الیکشن کمشن کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق پہلے مرحلے میں سندھ کے 8 اضلاع سکھر، گھوٹکی، خیرپور، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور، کندھکوٹ اور قمبر شہداد کوٹ میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے، جن میں 10 ہزار87 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں اب تک 707 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جن میں کشمور سے 118، قمبرشہداد کوٹ سے 50، لاڑکانہ سے38، سکھرسے39، خیرپور سے 53، گھوٹکی سے189، جیکب آباد سے 128 اور شکار پور سے92 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔گزشتہ روز الیکشن کمشن کی جانب سے جاری پولنگ سکیم کے تحت سندھ کے 8 اضلاع میں 31 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 42 لاکھ 81 ہزار 72 مرد و خواتین ووٹنگ میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ مزیدبرآں سندھ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پولنگ کا ضابطہ اخلاق جاری کیا۔ پولنگ پولنگ صبح ساڑھے 7 سے شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہے گی۔ پولنگ کے دوران ووٹر اور پولنگ ایجنٹ کے موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں پولنگ سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد، کشمور میں ہو گی۔ 

مزیدخبریں