ستوکتلہ: ڈی ایس پی کے کار سوار بیٹے کی موٹرسائیکل کو ٹکر‘ میڈیا ورکر جاں بحق

Oct 21, 2015

لاہور+ گوجرانوالہ+ ایمن آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) ستوکتلہ کے علاقہ میں ڈی ایس پی لوئر مال نوید ارشاد کے کار سوار 16 سالہ بیٹے نے موٹر سائیکل پر جانیوالے نجی ٹی وی کے 25 سالہ ورکر کو کچل کر ہلاک کر دیا اور فرار ہوگیا۔ 20 گھنٹے بعد ملزم پولیس کے پاس پیش ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے ایمن آباد کے رہائشی شاہد اقبال کا 25 سالہ بیٹا رانا بلال عرف ٹیپو لاہور کے نجی ٹی وی چینل میں نان لینئر ایڈیٹر اور جوہر ٹاؤن میں اپنی پھوپھی کے گھر میں رہائش پذیر تھا۔ گزشتہ شب ڈیوٹی سے فارغ ہو کر رانا بلال، لاہور آئے ہوئے اپنے والد زاہد شاہد اقبال کو ملنے اپنی خالہ کے گھر جوہر ٹاؤن موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ ستوکتلہ کے علاقہ شادیوال چوک میں ڈی ایس پی لوئر مال نوید ارشاد کے 16 سالہ بیٹے طلحہ جو کار نمبر ایل اے اے/ 3031-12 میں سوار تھا، نے پیچھے سے بلال کو ٹکر مار دی جبکہ کار فٹ پاتھ پر چڑھتی ہوئی درخت سے جا ٹکرائی۔ بلال کچلے جانے سے موقع پر ہی جاں بحق جبکہ طلحہ نوید فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا کر متوفی کے والد شاہد اقبال کے بیان پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ دریں اثناء ملزم طلحہ نوید اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کراکر وقوعہ کے 20گھنٹے بعد پولیس کے پاس شامل تفتیش ہو گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق طلحہ نوید کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں اس سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت ضیغم قادری نے نجی ٹی وی کے ورکر رانا بلال کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ قانون سب کیلئے برابر ہے۔ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ ادھر متوفی 25سالہ رانا بلال کی میت جب اس کے گھر ایمن آباد میں پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ علاقے میں ہر آنکھ اشکبار تھی۔ رانا بلال کو آہوں سسکیوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نمازجنازہ میں شہریوں اور معززین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ رانا بلال 4 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔ دوستوں اور احباب کے مطابق ملنسار رانا بلال ہر کسی سے محبت اور خوش اخلاقی سے پیش آتا تھا۔ متوفی کے والد شاہد اقبال جو صدمے سے نڈھال تھے نے بتایا کہ انکا بیٹا انتہائی محنتی اور قابل ہونے کی وجہ سے گھر والوں کی آنکھ کا تارا تھا جسے ڈی ایس پی کے بگڑے بیٹے نے کچل کر مار ڈالا۔

مزیدخبریں