کینیڈا: الیکشن میں لبرل پارٹی کامیاب‘ 2 پاکستانی نژاد خواتین بھی جیت گئیں

Oct 21, 2015

ٹورنٹو+ رحیم یار خان ( اے ایف پی+نیوز ایجنسیاں )کینیڈا میں پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے مطابق حزب اختلاف کی جماعت لبرل پارٹی نے حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کو واضح شکست دیدی ہے۔کنزرویٹو پارٹی کے 9 سالہ دور اقتدار کا بھی اختتام ہو گیا ۔ لبرل پارٹی کے جیتنے والے امیدواروں میں پاکستانی نژاد دو کینیڈین خواتین بھی شامل ہیں۔لبرل پارٹی پارلیمنٹ کی مجموعی 338نشستوں میں سے ابتک 189سیٹیں جیت چکی ہے جبکہ حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی 91نشستوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔لبرل پارٹی کے سربراہ جسٹن ٹروڈیواب حکومت بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ کینیڈا میں اکثریت میں حکومت بنانے کیلئے 170 نشستیں چاہیے ہوتی ہیں۔علاوہ ازیں بائیں بازو کی جماعت نیو ڈیموکریٹک پارٹی اپنی 54 نشستوں کا ایک تہائی حصہ گنوا دیں گی جو اس نے گزشتہ انتخابات میں حاصل کی تھیں۔ کنزرویٹو کے سربراہ و کینیڈین وزیر اعظم سٹیفن ہارپر نے شکست تسلیم کر لی ہے۔آئی این پی کے مطابق کینیڈا کے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والی کم عمر پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ اقراء خالد کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم رکن پور کے سرکاری سکول سے حاصل کی ہے۔ اقراء کے دادا فقیر آج بھی بک ڈپو چلا رہے ہیں۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقراء خالد کا کینیڈا کی رکن پارلیمنٹ بننا باعث فخر ہے۔ دوسری جانب اقراء خالد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کامیابی کا صلہ اپنے گھر والوں اور اپنے سپورٹروں کو دیتی ہیں۔

مزیدخبریں