عالمی معیار، سپورٹس بورڈ پنجاب کوچز کیلئے تربیتی پروگرام شروع کرےگا

Oct 21, 2016

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کوچز کیلئے جلد تربیتی پروگرام شروع کررہا ہے جس میں ہر کھیل کے کوچ کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیئن بیچ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے والی قومی کبڈی ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میںخطاب کرتے ہوئے کیا۔عشائیہ میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور، سیکرٹری سپورٹس واپڈا رزاق گل، ڈائریکٹر جنرل ایڈمن واپڈا ظفر محمود، قومی کبڈی ٹیم کے مینجر رمضان گھمن، سی ای راہا ارشد گھمن، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو بھی موجود تھے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ 10روزہ تربیتی پروگرام کوچز کیلئے انتہائی فائدہ مند ہوگا، جس میں ان کو عالمی معیار کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ کھلاڑیوں کو بھی عالمی معیار کے مطابق تربیت دے سکیں، تربیتی پروگرام سے کھیلوں کامعیار بہتر ہوگا ہمارے کھلاڑی بھی اس سے استعفادہ ہوں گے۔ترقی کیلئے جدید ترین تکنیک سے آگاہی انتہائی ضروری ہے اسی لئے تمام کھیلوں کے کوچز کے تربیتی پروگرام کا انعقاد کررہے ہیں، انہوں نے ایشیئن بیچ گیمز میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے پر ٹیم کو مبارکباددی اور کہا کہ کھلاڑیوں نے سونے کا تمغہ جیت کر ملک کی خدمت کی ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔، کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے، تمغہ جیتنے پر کبڈی کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔

مزیدخبریں