لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی روایتی تقریب دیکھنے آسٹریلوی آرمی کرکٹ ٹیم بھی پہنچ گئی۔ مہمان ٹیم کے کھلاڑی پاکستان رینجرز کے جوانوں کا جوش و ولولہ دیکھ کر خوب متاثر ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر آسٹریلین کھلاڑیوں نے اپنا میلہ سجا لیا اور جوش میں آ کر شاندار رقص کیا، بھنگڑا بھی ڈالا۔ آسٹریلوی آرمی کرکٹ ٹیم کے کوچ اور کھلاڑیوں نے رینجرز کی پریڈ میں دکھائی دینے والے جوش و جذبے کو سراہا۔ آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم اور پیسز چیمپئن شپ میں شریک چودہ غیر ملکی ٹیموں نے لاہور شہر کے تاریخی مقامات کی سیر کی۔ مہمان کھلاڑیوں نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی، جہاں ان کو شاعر مشرق کے افکار ونظریات کے متعلق بتایاگیا۔ کھلاڑیوں نے بادشاہی مسجد کا دورہ کیا اور شاہی قلعہ کی سیر کی۔