دنیا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمارا کردار تسلیم کرتی‘ تجربات سے سیکھنا چاہتی ہے: جنرل راحیل

Oct 21, 2016

راولپنڈی(صباح نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک کو تعلیم یافتہ اور پرجوش نوجوان نسل کے ذریعے ہی محفوظ بنایا جا سکتا ہے، پوری دنیا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے کردار کو تسلیم کرتی ہے اور ہمارے تجربات سے سیکھنا چاہتی ہے، پاک فوج فاٹا کے علاقے میں تعمیر نو، بحالی اور مقامی سول انتظامیہ کو اختیارات کی منتقلی تک علاقے کے لوگوں سے تعاون جاری رکھے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان میں نئے تعمیر ہونے والے کیڈٹ کالج سپن کئی کی جدید عمارت کا افتتاح کیا۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ملک کو تعلیم یافتہ اور پرجوش نوجوان نسل کے ذریعے ہی محفوظ بنایا جا سکتا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوانوں کی صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ نکھاریں تاکہ وہ ان چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں جو ہمیں آج درپیش ہیں اور مستقبل میں سامنے آئیں گے۔ یہ کیڈٹ کالج فاٹا کے دور دراز علاقوں میں معیاری اداروں کی تعمیر کے سلسلے کی ایک کڑی ہے تا کہ باقی ملک ہمارے ذہین طلباء سے آگاہ ہو سکیں آرمی چیف نے کہا کہ اس کالج کی تعمیر سے اس علاقے کے نوجوان پیشہ ور کالجز میں جائیں گے اور اپنے خاندانوں کی زندگیاں تبدیل کریں گے۔ پاک فوج اور محب وطن قبائلیوں کو دہشتگردوں کو شکست دینے اور ان کی پناہ گاہوں کو ختم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں نے ایک دوسرے کے قدم با قدم کھڑے ہو کر قربانیاں دی ہیں۔

مزیدخبریں