پانامہ لیکس: سپریم کورٹ دھرنے سے ایک روز قبل یکم نومبر کو سماعت کرے گی

سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس سے متعلق درخواستوں کی اگلی سماعت پی ٹی آئی کے دھرنے سے ایک روز قبل یکم نومبر کو ہو گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ عدالت نے جمعرات کو سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ، جمہوری وطن پارٹی اور طارق اسد ایڈووکیٹ نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواستیں دائر کی تھیں۔ عدالت نے پانامہ لیکس کی درخواستوں پر سماعت کے بعد وزیراعظم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر، بیٹوں حسن نواز، حسین نواز، ڈی جی فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) اور اٹارنی جنرل سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم نومبر سے قبل جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور اس حوالے سے نوٹسز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ تاہم اب ان درخواستوں کی سماعت کے لئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد دھرنے سے ایک دن قبل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور وزیراعظم نواز شریف اور دیگر فریقین کو یکم نومبر سے قبل جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن