اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے عالمی بنک نے پاکستانی معیشت میں بہتری لانے پر موجودہ حکومت کی تعریف کی ہے‘ تمام چیلنجز کے باوجود اس سال میں بلند ترین شرح نمو حاصل کی‘ عالمی جرائد پاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز احسن اقبال نے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کہا کہ اپنے سیاسی مستقبل سے مایوس عمران خان مایوسی پھیلا رہے ہیں۔ عالمی جرائد پاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں کررہے ہیں۔ عالمی بنک نے پاکستانی معیشت میں بہتری لانے پر موجودہ حکومت کی تعریف کی ہے۔ عالمی بنک نے سیاسی عدم استحکام کو معیشت کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تباہ حال معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ گزشتہ چار سال میں بار بار معاشی ترقی کا پہیہ جام کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ تمام چیلنجز کے باوجود دس سال میں بلند ترین شرح نمو حاصل کی ۔ قرضوں کو معاشی بہتری کے لئے استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ عمران خان کو معیشت کے بارے میں کچھ نہیں معلوم۔ توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں سے ترقی کے دروازے کھلیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ احسن اقبال سے جرمن سفیر مارٹن کابلر نے ملاقات کی خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور جرمنی کے مابین سائنس و ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں امن اور ترقی کیلئے جرمنی کو بھر پور تعاون کرنا چاہئے۔ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے تانے بانے مغربی سرحد کے پار ملتے ہیں۔ افغانستان میں دیر پا امن خطے میں امن کی ضمانت ہے۔ افغانستان میں سوویت یونین کی شکست نے یورپ کا نقشہ بدل دیا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھارتی قیمت ادا کی سی پیک اور معیشت ہی در اصل پاکستان کیلئے سٹریٹجک ڈیپتھ ہے۔ قبائلی علاقے دہشتگردوں سے 100فیصد پاک ہو گئے۔ جرمن سفیر نے پاکستان کے سی پیک منصوبوں کی حمایت کی۔ جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی سیک پیک منصوبوں میں شراکت کا متمنی ہیں۔ وزیر داخلہ نے جرمنی کی صحافی برادری کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ مزید براں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے وزیر داخلہ احسن اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ پاکستان اور برطانیہ کے امن و سلامتی سے متعلق مشترکہ مفادات ہیں۔ وزیر داخلہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان نالج گیٹ وے تشکیل دینے پر زور دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے۔