وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کمانڈر سدرن کمانڈ کی ملاقات، سول عسکری تعاون پر اطمینان کا اظہار

کوئٹہ(بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے جمعہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سکیورٹی سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کیلئے متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے مضبوط عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے ذریعے ملک اور صوبے کی ترقی اور سی پیک منصوبے کے خلاف تمام مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پولیس فورس کے مورال کو بلند کرکے اور فورس کے استعداد کار میں اضافے سے دہشت گردی کے ساتھ ساتھ عمومی جرائم کے خاتمے کا ہدف حاصل ہوسکتا ہے، حکومت پولیس کی فلاح وبہبود ،سہولیات کی فراہمی اور فورس کی تعداد میں اضافے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے نئے تعینات ہونے والے آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز یہاں ان سے ملاقات کی۔صوبائی وزرا شیخ جعفر خان مندوخیل، محمد خان لہڑی ،رکن صوبائی اسمبلی پرنس علی بلوچ،سابق صوبائی وزیرفائق علی جمالی اور چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگ زیب حق بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن