اسلام آباد (آئی این پی ) تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پر فارن فنڈنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے اکائونٹس کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمشن میں درخواست دائر کردی ہے۔ تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اکائونٹس کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمشن سے رجوع کیا ہے، پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور فیصل ایڈووکیٹ نے اس سلسلے میں الیکشن کمشن میں درخواست جمع کرائی‘ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کو فارن فنڈنگ ہو رہی ہے، دونوں پارٹیوں کی جمع کرائی گئی تمام اکائونٹ تفصیلات میں سقم موجود ہیں، لہٰذا الیکشن کمشن پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چھپائی گئی تفصیلات کی جانچ پڑتال کرانے کا حکم دے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن نے خود تحریک انصاف کے پارٹی اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کر رکھا ہے۔
درخواست دائر