کراچی میں ٹارگیٹڈ آپریشن کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے : وزیراعلیٰ مراد علی شاہ

کراچی ( وقائع نگار ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی باہمی کاوشوں کے ذریعے محرم الحرام کے دوران زبردست طریقے سے کام کیا اور محرم الحرام کے دو ایوینٹس،محرم کی مجالس اور بوہرہ جماعت کی محرم کی مجالس اور خطابات خیریت سے گزر گئیں۔انہوں نے یہ بات ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے ان سے وزیر اعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سند ھ نے کہا کہ سید نا مفضل سیف الدین کی مجالس میں 30 مختلف ممالک سے 35000 سے زائد لوگ ان کا خطاب سننے کے لیے آئے ،اسی طرح شہر میں 1000 مجالس اور ماتمی جلوس منعقد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ سب کچھ خیریت اور پْرامن طریقے سے گزر گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتاہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے فروری 2018 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے انعقاد کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز سے شہر میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ شہر میں ٹارگیٹڈ آپریشن کے اچھے و حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ

ای پیپر دی نیشن