پاکستان نے سری لنکا کو لگاتار چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دےکر سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر لی

Oct 21, 2017

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے سری لنکا کو لگاتار چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دےکر سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر لی۔شارجہ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔سری لنکا کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں 2 رنز پر گری جب کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے عثمان خان شنواری نے کپتان اپل تھرنگا کی وکٹیں بکھیر کر کیر یئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔نروشن ڈِکویلا22 رنز بناکرجنید خان کی وکٹ بن گئے۔ چندی مل سولہ رنز بناکررن آﺅٹ ہوگئے ۔ عماد وسیم نے ڈیبیو کرنےوالے سدیرا سمارا وکراما کی وکٹیں بکھیر دیں۔ ملندا سری وردنا 13 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آو¿ٹ ہوگئے۔ شاداب خان نے پہلی اور دوسری گیند پر سکیگو پرسنا اور تھسارا پریرا کو پویلین لوٹا کر چھٹی اور ساتویں کامیابی دلائی۔حسن علی نے دھننجیا کی اننگز کا خاتمہ کردیا‘وہ اٹھارہ رنز بناسکے۔لہیرو تھری مانے کو62 کے انفرادی سکور پر عماد وسیم نے چلتا کیا۔ حسن علی نے گماگے کو بولڈ کر کے سری لنکن ٹیم کی بساط 173 رنز پر لپیٹ دی۔ حسن علی نے تین‘ شاداب خان اور عماد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو امام الحق صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔بابر اعظم اور فخر زمان نے سکور کو 37 تک پہنچایا ہی تھا کہ فخر سٹمپ ہو کر پویلین لوٹ گئے، حفیظ نو رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔ شعیب ملک اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ کیلئے ناقابل شکست 119 رنز کی شراکت قائم کر کے 39 اوورز میں ہی ٹیم کوفتح دلادی، شعیب نے 69 جبکہ بابر اعظم نے 69 رنز بنائے۔بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ آخری میچ 23اکتوبر کو تین بجے کھیلا جائےگا۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ شارجہ کا گراونڈ پاکستان کےلئے ہمیشہ اچھارہا ہے، جب بچے تھے تو ٹی وی پر شارجہ کے میچز دیکھتے تھے، خوش نصیب ہیں کہ اسی گراونڈ میں کھیل رہے ہیں جس کے خواب دیکھے تھے۔ ہماری ٹیم نے لنکن حریفوں کو ہر شعبے میں چاروں شانے چت کیا ہے۔ حسن علی اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں،حسن علی اٹیکنگ باﺅلر ہیں اور سینئر کےساتھ میچ کے دوران مشورہ کرتے ہیں جبکہ باﺅلنگ کوچ اظہر محمود نے بھی حسن علی کی باﺅلنگ میں نکھار پیدا کیا۔ محمد حفیظ پہلے بھی مشکوک باﺅلنگ ایکشن کی صورت حال کا سامنا کر چکے ہیں، امید ہے باﺅلنگ ایکشن کا معاملہ جلد حل کرلیا جائےگا۔کپتان سری لنکن ٹیم اپل ترنگا نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہا کہ ایک روزہ میچز کے دوران کہاں غلطیاں کر رہے ہیں ،جس کے نتائج اتنے برے آر ہے ہیں۔ ایک روزہ میچز میں ہماری کارکردگی خراب جارہی ہے ،جس کے بارے ہمیں غور کرنے کی ضرورت ہے‘ میچ میں دنیش چندی مل کا آوٹ ہو نا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔

مزیدخبریں