لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پنجاب ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کی صدر عابدہ تنویر نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ویمن ونگ کو خود مختاری دینے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا تھا کہ مردوں کی مداخلت ویمن ہاکی کیلئے بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ویمن ٹیم کے گزشتہ دورہ کے دوران پیش آنے والے واقعات کو دبائے رکھااور خاموشی سے کوچ عثمان شیخ کو سائیڈ لائن کرکے جونیئر ٹیم کا کوچ مقرر کیا جس کا نتیجہ موجودہ ہیڈ کوچ سعید خان پر الزامات کی صورت میں سامنے آیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ فیڈریشن کے دور میں ہی ویمن ونگ میں مردوں کا عمل دخل زیادہ بڑھا جبکہ آفیشلز کی تعیناتی میں بھی جانبداری برتی گئی جس کا ثبوت ثمن رشید کی دوسری باربطور آفیشل تعیناتی ہے۔