فلسطین کے مسئلے کا حل عالمی امن اورسلامتی کےلئے لازمی ہے:پاکستان

Oct 21, 2017 | 12:47

ویب ڈیسک

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوبہ ڈاکٹرملیحہ لودھی نے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کی پالیسیوں پرشدید تنقید کی۔گزشتہ روز نیویارک میں ملیحہ لودھی نے مشرق وسطیٰ پرسلامتی کونسل کے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل عالمی امن اورسلامتی کے لئے لازمی ہے، فلسطینی مسئلہ پرپیشرفت کی کمی نے نہ صرف فلسطینیوں کی نسلوں کی امیدوں اورخواہشات کودھوکہ دیا بلکہ لامتناہی دشمنی کے بیج کوبھی بودیا ہے، 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف دارالحکومت کے طورپرہی ریاست مشرق وسطی میں پائیدار امن کی ضمانت ہے، ریاست پرغیرقانونی قبضے کو 50 سال بیت چکے اور فلسطینی عوام آزادی اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کی خواہش سے محروم ہیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے قاہرہ میں فتح اورحماس کے درمیان سیاسی مفاہمت کا تاریخی کامیابی کے طور پرخیرمقدم کیا، پہلے قدم کے طورپر غزہ سے غیر قانونی اور ظالمانہ محاصرہ کو اٹھایا جانا چاہیے۔ملیحہ لودھی نے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کی پالیسوں پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی بستیوں کی تعمیرفلسطینی باشندوں کو ان کے گھروں اور زمینوں سے بے دخل کرنے کی کوشش ہے،جسے روکا جائے، اسرائیل کی جانب سے ایسی کوئی کوشش بھی دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے لئے ناقابل قبول ہوگا۔

مزیدخبریں