کراچی (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر برائے محنت و افرادی قوت سندھ غلام مرتضیٰ بلوچ نے کلثوم بائی ولیکا اسپتال کا اچانک دورہ کیا‘ ملازمین کی حاضری اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر محمد نواز گھوٹی نے صوبائی وزیر کو اسپتال کی کارکردگی اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس پر صوبائی وزیر نے اسپتال میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اگر اسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بھتر نہیں ہوں گے تو مریضوں کی حالت کیسے بہتر ہو گی‘ مریضوں کی مناسب دیکھ بھال‘ ادویات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات میں غفلت برتنے پر ملوث ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے اسپتال کے مختلف وارڈز ‘ آپریشن تھیٹر اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔