کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ آج ملک کا جو بھی حال ہے وہ ماضی کی قیادت پر سوالیہ نشان ہے‘ ماضی کے حکمرانوں کو اقتدار و اختیار اپنے ہاتھ میں رکھنے کا شوق تھا جو کام گلی محلے کے کونسلر کے کرنے کے تھے وہ پارلیمنٹ کے اراکین کو دیدئیے گئے اس کے نتیجے میں شہر کچرے کے ڈھیر اور شہری پانی کیلئے ترس رہے ہیں‘ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری ہیں جس معاشرے میں جمہوریت کے بنیادی ادارے ہی کمزور ہوں وہ معاشرہ جمہوری کہلانے کا مستحق نہیں اور نہ ہی وہاں ترقی ہو سکتی ہے ہمارے حکمران اپنی جمہوری ذمہ داریاں پوری کرتے تو ہم آج مضبوط جمہوری معاشرہ اور ترقی یافتہ پاکستان ہوتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ ڈیموکریٹ پاکستان کے زیراہتمام پروگرام پنچایت میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک میں اب لیڈر بہت ہو چکے انتخاب کے موقع پر ووٹر کی ذمہ داری بہت اہم ہو گئی ہے کہ وہ لیڈر کو منتخب کرتے وقت اس کا پس منظر بھی دیکھے اگر ووٹر کا فیصلہ درست ہونے لگا تو پھر پالیسیاں بھی درست ہونے لگیں گی۔