پی ٹی آئی کو طاقت کے بل بوتے پر اقتدار میں لایا گیا، شاہد خاقان عباسی

کلر سیداں(اکرام الحق قریشی)سابق وزیر اعظم نو منتخب رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن ہاری نہ پی ٹی آئی جیتی ،پی ٹی آئی کو طاقت کے بل بوتے پر اقتدار میں لایا گیا۔مقبوضہ کشمیر کے انتخابات میں بیلٹ بکس کے ساتھ کوئی مسلح اہلکار موجود نہیں مگر پاکستان کے انتخابات میں پولنگ سٹیشن کے باہر اور اندر مسلح اہلکار موجود تھے اور ایسا ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ پریزائڈینگ افسر کی بجائے اختیارات کسی اور کے پاس تھے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے وائس چیئر مین بلدیہ کلر سیداں چوہدری ضیارب حسین منہاس، چیئر مین بشندوٹ محمد زبیر کیانی، ظفر عباس مغل، چوہدری عبدالغفار،حاجی اخلاق حسین، فیصل حفیظ ،سجاد خان، کامران عزیز ایڈووکیٹ اور حافظ عثمان عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور اقتدار میں ہی ن لیگ کے خلاف سازشیں شروع کر دی گئیں اور یہ عمل آج بھی جاری ہے ،پی ٹی آئی کو لوگو ں نے مینڈیٹ نہیں دیا یہ جعل سازی سے حکومت میں آئے ہیں ان کے پاس کوئی اہلیت ہی نہیں یہ ملک کیا اپنا گھر تک نہیں چلا سکتے ۔ان کی وجہ سے اقتصادی بدحالی اور مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہونے والا ہے جسے ہماری آنے والی نسلیں بھی بھلا نہ پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ضمنی الیکشن میں لاہور کے 43پریزائڈینگ افسران سے استفسار کیا کہ بیلٹ بکس اور پولنگ سٹیشن کے باہر مسلح افراد کس نے تعینات کئیے ہیں تو ان کا جواب نفی میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں جج جج کی تعیناتی کرتا ہے ۔ایسا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا ،عوام کو علم ہے کہ انتخابات کس نے چور ی کئیے اور ان کے حقوق کو کس نے پامال کیا۔ راولپنڈی کے امیدوار سجاد خان کا الیکشن صرف 6پولنگ سٹیشنوں کے نتائج تبدیل کر کے چرا لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم بنانا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ایک صوبہ کسی بھی ڈیم کے حق میں نہیں اور دوسرا صوبہ ڈیم کے لیے زمین دینے کو تیار نہیں ڈیموں کے فیصلے کرنے والے کالا باغ ڈیم تعمیر کیو ں نہیں کرتے؟
شاہد خاقان

ای پیپر دی نیشن