سنگاپور سٹی (اے پی پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے متفقہ طور پر 2023ء میں شیڈول مینز کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے نئی 50 اوور لیگ بیسڈ کوالیفکیشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی، کوالیفکیشن ٹورنامنٹس جولائی 2019ء سے مئی 2022ء تک کھیلے جائیں گے، 12 مستقل رکن ممالک سمیت مجموعی طور پر 32 ٹیموں کے درمیان کوالیفکیشن کے ترین مرحلوں میں 372 میچز کھیلے جائیں گے، اس بات کا فیصلہ سنگاپور میں منعقدہ آئی سی سی اجلاس میں کیا گیا۔ ہفتے کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ورلڈ گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر 2023ء میں شیڈول مینز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفکیشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی جس کے تحت 12 مستقل اور 20 ایسوسی ایٹ ٹیموں کو میگا ایونٹ تک رسائی کیلئے کوالیفکیشن مرحلے عبور کرنا ہوں گے۔ کوالیفکیشن ٹورنامنٹ کا آغاز آئندہ سال منعقدہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد جولائی میں ہو گا۔ ہالینڈ سمیت 12 مستقل ممالک کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ لیگ مئی 2020ء میں کھیلی جائے گی اور ان کے درمیان 24 میچز کھیلے جائیں گے، میزبان ممالک سمیت کرکٹ ورلڈ لیگ کی سات ٹاپ ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کیلئے ٹکٹ کٹوا لیں گی جبکہ بقیہ پانچ ٹیموں کو کوالیفائرز مرحلوں سے گزرنا ہو گا۔