سادھوکے: ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے چچا، بھتیجا اور سیلزمین قتل، فیروز والہ دو نوجوان زخمی

لاہور، سادھوکے، فیروزوالہ (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران) چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کردیا۔ ذرائع کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ میں محمود کی فیملی کو یرغمال بنا کر 2 لاکھ 50 ہزار مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات اور موبائل فون لیکر فرار ہوگئے۔گرین ٹا ئون میں نثار کی فیملی کو یرغمال بنا کر2 لاکھ 30 ہزار کی نقدی اور موبائل فون، پرانی انارکلی میں اقبال کی فیملی کو یرغمال بنا کر 2 لاکھ 65 ہزار کے طلائی زیو رات، نقد ی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے جبکہ سندر کے علاقہ میںگوہر کے گھر میں اسکی فیملی سے 2 لاکھ 45 ہزار کی نقد ی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ مصطفی آباد میں فاروق کے گھر میں اہل خانہ کو یرغمال بناکر ایک لاکھ کی نقد ی اور موبا ئل فون، باٹاپور میں اختر کی فیملی کو یرغمال بناکر ایک لاکھ 30 ہزار کی نقدی اور موبائل فون جبکہ مسلم ٹائون میں ناصراور صادق کی گاڑیاں اور لٹن روڈ، اچھرہ، لوہاری گیٹ، جوہر ٹائون اورچوہنگ سے موٹرسائیکلیں چوری کرلی گئیں۔ دریں اثناء سادھوکے میں ڈاکوؤں نے دوران واردات مزاحمت کرنے پر ڈکوائوں کی فائرنگ سے چچا، بھتیجا اور سیلز مین جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا گذشتہ سہ پہر موٹر سائیکل سوار دو افراد جی ٹی روڈ پر واقعہ ایک کریانہ دْکان میں گھس گئے تو دْکان کے مالک بشارت حسین انصاری اور اسکے بھتیجے نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کردی جس سے بشارت حسین اْسکا بھتیجا اْسامہ اورسیلز مین عمران شدید زخمی ہوگئے۔ 25 سالہ اْسامہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بشارت ہسپتال جاتے ہوئے راستہ میں دم توڑ گیا۔زخمی محمد عمران کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور میو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی دم توڑ گیا۔ واردات کے بعد ڈاکو فرار ہوگئے۔علاوہ ازیں فیروزوالہ میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔ سگیاں چوک کے قریب خاتون رکشے میں سوار ہونے کیلئے کھڑی تھی کہ موٹر سائیکل سوار پرس چھین کر فرار ہونے لگے۔ خاتون کے شور پر موٹر سائیکلوں پر سوار افراد اور شہریوں نے تعاقب کیا تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی جس سے دو نوجوان وقاص اور اسکا ساتھی شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا

ای پیپر دی نیشن