قزاقستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے تعلیم کا ساتواں اجلاس

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ملکوں کے وزراء تعلیم کا ساتواں اجلاس قزاقستان کے دارلحکومت آستانہ میں منعقد ہوا۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن ارشد علی نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ تنظیم کے دیگر رکن ملکوں قزاقستان، چین، کرغیزستان، روس، تاجکستان، ازبکستان اور بھارت کے وزراء و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا اہتمام وزارت خارجہ، تعلیم و سائنس قزاقستان کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ قزاقستان کے وزیر برائے تعلیم و سائنس یرلان سگادیف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس میں جون 2018میں چین میں منعقدہ ایس سی او سٹیٹ کونسل کے سربراہ اجلاس کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ رکن ملکوں کے مابین دو طرفہ کثیر الجہتی تعاون کو مزید توسیع دینے، لیکچررز و طلباء کے تبادلوں، مشترکہ ریسرچ منصوبوں، پروفیشنل تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران رکن ملکوں کے قومی تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے امور اور 2019-20کیلئے تعاون کے ترجیحی شعبوں کو زیر بحث لایا گیا۔

ای پیپر دی نیشن