لاہور(نمائندہ سپورٹس)لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد اور منفرد منصوبہ ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر میں کسی بھی ادارے کے پاس اتنا وسیع اور جدید سہولیات سے آراستہ ہائی پرفارمنس سنٹر موجود نہیں ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کے کھلاڑیوں کے لیے جدید سہولیات، بہترین غذا، کوالیفائیڈ کوچنگ اور رہنمائی فراہم کرے گا۔ قلندرز اپنی تمام سرگرمیاں یہاں موجود گراؤنڈ میں کریں گے۔ جبکہ ہمارے مختلف ایک گروپ میں کھلاڑی سارا سال یہاں تربیت حاصل کر سکیں گے۔ ہم یہاں انڈر الیون، انڈر ففٹین اور انڈر نائنٹین سمیت دیگر کھلاڑیوں کو جدید خطوط پر ٹریننگ دیں گے تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان کی بہترین انداز میں نمائندگی کر سکیں۔ ہمارا مقصد ملک کے اچھے سفیر تیار کرنا ہے تاکہ ہمارے کھلاڑی کھیل کے میدان میں اور میدان سے باہر بہترین انداز میں ملک کی نمائندگی کر سکیں۔ ہمارے انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا سمیت دیگر ملکوں کے ساتھ معاہدے ہو چکے ہیں ہمارے کرکٹرز کو ان ممالک میں جا کر صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آئیں گے۔ یہ کہنا کہ ملک میں ٹیلنٹ نہیں ہے یا یہ کہنا کہ حالات اچھے نہیں ہیں تو کچھ نہیں ہو سکتا یہ کام نہ کرنے کے بہانے اور عذر ہیں پاکستان میں رہ کر کام کرنا چاہیں تو بہت مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ ہم پہلی فرنچائز ہیں جنہوں نے پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے لاکھوں پلیئرز کے ٹرائلز کیے پھر ہم کشمیر اور گلگت بلتستان تک گئے اب ہم نے ہائی پرفارمنس سنٹر کی صورت میں ایک قدم اور آگے بڑھے ہیں۔ پاکستان کے نوجوانوں کو کھیل کی بہتر سہولیات فراہم کرنا اور لاہور قلندرز کو کرکٹ کا مانچسٹر یونائیٹڈ بنانا ہے۔
قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے:عاطف رانا
Oct 21, 2019