لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ میں امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرنے پر خیبرپختونخوا کے کرکٹر عبداللہ پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے انڈر 19 کرکٹر نے کے آر ایل سٹیڈیم راولپنڈی میں سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ برائے کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف کے قانون کی خلاف ورزی کی۔ میچ کے دوران امپائر کی جانب سے ایل بی ڈبلیو آوٹ دئیے جانے پر ناراضگی کا اظہا رکرنے والے عبداللہ کو لیول 1 جرم کا مرتکب پایا گیا ہے۔آن فیلڈ امپائرز کامران خلیل اور محمد باسط نے عبداللہ کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔میچ کے اختتام پر عبداللہ کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری غلام مصطفٰی نے خیبرپختونخواکے انڈر 19 کرکٹر پر جرمانہ عائد کردیا۔