پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی ، سری لنکا سے گرین سگنل مل گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن بورڈ سے دسمبر میں شیڈول ٹیسٹ سیریز کے لیے باقاعدہ رابطہ کیا ہے۔ پاکستان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز ہوم گراؤنڈ پر کرناچاہتاہے۔ پی سی بی نے کراچی اور ایک ٹیسٹ راولپنڈی میں کرانے کی آفر کی ہے۔دس سال بعد سری لنکا ٹیم نے پاکستان کے سونے کرکٹ میدان محدود اوورز کی سیریز کھیل کر آباد کر دیئے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز دسمبر میں شیڈول ہیں۔ سری لنکا ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ سے چیمپئن شپ کی پہلی سیریز کھیل چکی ہے۔ پاکستان بھی چیمپئن شپ کی پہلی سیریز ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا چاہتاہے۔ حالیہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد پاکستان، سری لنکا سیریز یو اے ای کے بجائے پاکستان میں ہونے کا روشن امکان ہے۔سری لنکا کے سابق کپتان ارجناراناٹنگا اور کمارسنگاکارا نے بھی پاکستان میں کھیلنے کی حمایت کی ہے۔ پی سی بی نے سری لنکا کرکٹ سے ٹیسٹ سیریز کیلئے باقاعدہ رابطہ کیاہے اور انہیں دو ٹیسٹ میچز کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ سیریز کے دو ٹیسٹ مجوزہ طور پر کراچی اور لاہور میں ہونے تھے لیکن لاہور کے غیر یقینی موسم کے پیش نظر مہمان ٹیم کو ایک ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلنے کو کہا گیا ہے۔ سری لنکا، پاکستانی سرزمین پر ایک ٹیسٹ کھیلنے پر تیار ہے لیکن پی سی بی دونوں ٹیسٹ کی میزبانی کرناچاہتا ہے۔ سری لنکا کی آمد کی صورت میں پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ میچ منعقد ہوگا۔پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا گرین سگنل مل گیا۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان میں کیے گئے سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق سری لنکن ٹیم پاکستان میں دوٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے پر رضامند ہوگئی ہے۔ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سریز دسمبر میں ہونے کا امکا ن ہے۔ کراچی اور راولپنڈی میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ لاہور کے وینیو میں دسمبر کو موسم رکاوٹ ہے، دسمبر کے مہینے میں دھند پڑنے کے امکانات ہوتے ہیں جس کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، اس لیے راولپنڈی کے وینیو کو زیر غور لایا گیا تاکہ میچ بلا تعطل مکمل ہو سکے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے وینیوز کے حوالے سے سری لنکا کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے۔ آخری ٹیسٹ سیریز بھی 2009 میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ہوئی تھی اور اس دوران سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ تعطل کا شکار ہو گئی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع برنی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کیلئے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں تاہم ان کی جانب سے ابھی تک کوئی گرین سگنل نہیں ملا۔ دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز ہوگی یا نہیں، ابھی تک سری لنکن بورڈ کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز کو حتمی شکل دینے کیلئے سری لنکا کرکٹ کا سکیورٹی وفد آئندہ ماہ دوبارہ پاکستان کا دورہ کریگا۔

ای پیپر دی نیشن