اسلام آباد(آئی این پی ) رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے حبکو کول پاور کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے معذرت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیات اور مقامی لوگوں کے حوالے سے حبکو کول پاور کے خلاف میرے تحفظات ابھی تک برقرار ہیں، ماحولیاتی ٹریبونل و عدالت میں ابھی تک میری پٹیشن چل رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لسبیلہ گوادر سے آزاد منتخب رکن اسمبلی اور عمران خان حکومت کے اتحادی محمد اسلم بھوتانی نے حبکو کول پاور جنریشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی۔ حبکو کی انتظامیہ نے اسلم بھوتانی کو تقریب میں شریک ہونے کی دعوت دی ہے۔ جب میڈیا کے نمائندوں نے رکن اسمبلی سے شرکت سے معذرت کی وجہ پوچھی تو اسلم بھوتانی کا موقف تھا کہ ماحولیات اور مقامی لوگوں کے حوالے سے حبکو کول پاور کے خلاف میرے تحفظات ابھی تک برقرار ہیں اور انہوں نے حبکو کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جس میں ہزاروں لوگوں نے ان کا ساتھ دیا اور ماحولیاتی ٹریبونل و عدالت میں ابھی تک میری پٹیشن چل رہی ہے۔ اس صورت میں حبکو کول کے افتتاحی تقریب میں شرکت میرے موقف کی نفی ہوگی اس لئے میں نے فیصلہ کیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کی حبکو کول پاور کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے معذرت
Oct 21, 2019