سعودی وزرات مذہبی امور کے ترجمان عبد العزیز السکر نے کہا کہ دارالحکومت ریاض کی ایک مسجد میں بچوں کے کھلونے لائے جانے کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت کی طرف سے تحقیقات اس وقت شروع کی گئیں جب سوشل میڈیا پر الریاض کی ایک مسجد میں بچوں کے کھلونوں سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہوئی۔ وزارت مذہبی امور نے اس فوٹیج کے سامنے آنے کے بعد مسجد میں کھلونوں کی موجودگی کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی قائم کردی ہے۔ ترجمان عبد العزیز السکر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے مساجد کی انتظامیہ اور آئمہ کرام سرکلر جاری کئے گئے ہیں جن میں انہیں عبادت گاہوں کے تقدس کو برقرار رکھنے، عبادت میں سکون اور مقدس مقامات کا احترام برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مساجد کے تقدس کے خلاف ان میں ہونے والی کسی بھی خلاف قانون سرگرمی کا فوری اور سخت نوٹس لیا جائے گا اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔