وزیراعظم دھمکیوں اور کرائے کے ترجمانوں کو لگام دیں ، مریم اورنگزیب

Oct 21, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ  وزیراعظم دھمکیوں اور کرائے کے ترجمانوں کو لگام دیں ، آج کمرہ عدالت میں  ثابت ہوا کہ شہباز شریف کی گرفتاری عمران خان کے حکم پر ہوئی، پورے 21دن کوئی سوال نامہ نہیں دیا اور جوڈیشل ریمانڈ کر دیا گیا، عمران نیازی وزیراعظم کی کرسی پر مسلط ہیں اس کا احترام کریں، وزیراعظم کے خلاف پاکستان کی عوام ایف آئی آر کاٹ  چکی ہے۔منگل کو ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام موجودہ حکومت سے پوچھ رہی ہے کہ آٹا اور چینی کی چوری کس نے کی، 25غیر ملکی فنڈنگ اکائونٹس کس کے ہیں، ملک میں بجلی، گیس کی چوری کیوں ہے اور بے روزگاری کیوں بڑھ رہی ہے اور یہ سب اس لئے نہیں ہے کیونکہ نواز شریف وزیراعظم اور شہباز شریف وزیراعلیٰ نہیں ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم چہرے پر ہاتھ پھیر کے دھمکیاں کس کو دیتے ہیں جو اپنی بیٹیوں کے ساتھ جیل چکیاں پیس کے آئے ہیں، زمین، روٹی اور نماز کیلئے کرسی میسر بھی نہ تھی اور یہ وزیراعظم کی فسطائی سوچ ہے،چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہیں اور دھمکیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دھمکیوں اور کرائے کے ترجمانوں کو لگام دیں کیونکہ آج کمرہ عدالت میں یہ ثابت ہوا کہ شہباز شریف کی گرفتاری عمران خان کے حکم پر ہوئی، پورے 21دن کوئی سوال نامہ نہیں دیا اور جوڈیشل ریمانڈ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں کہ لوگوں کے اشتہار لگائیں گے، ڈھول بجائیں گے لیکن اپنا جو ڈھول بج رہا ہے اس کا حساب دیں کہ کس طرح میڈیا کی زبان بند کی، سیاسی مخالفین کی آواز بند کی، ایوان کی آواز بند کی لیکن ہم آج بھی یہاں کھڑے ہیں اور اپنے حق کی بات عوام کے سمندر کے سامنے کرتے ہیں، ووٹ کو عزت دو کی بات عوام کے سامنے کرتے ہیں جبکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ راتوں کو وار کرتے ہیں، کمروں کو توڑ کرتے ہیں اور قاتلوں سے پرچے کرواتے ہیں، شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار نانی کی بات کر دی ہے اب دائرے میں رہ کر بات کر، کیونکہ جیسی بات کرو گے ویسا جواب ملے گا، پھڑ مارو گے تو تھپڑ ملے گا اور عمران نیازی   وزیراعظم    کی   کرسی پر مسلط ہیں اس کا احترام کریں، وزیراعظم کے خلاف پاکستان کی عوام ایف آئی آر کاٹ  چکی ہے اور ان کے بیانیے کا ڈھول بیٹھ چکا ہے،عوام کی آواز سنے، جبکہ عمران خان نے کہا تھا کہ چار بندے اکٹھے ہو جائیں استعفیٰ دے دوں گا، آج تو لاکھوں لوگ نیب نیازی کے خلاف نکلے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج صاف پانی کیس بند کر دیا گیا، پہلے کیس کی انکوائری نہیں ہوئی اور ثابت ہو گیا کہ شہباز شریف کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی اور بات یہاں پر ختم ہوئی کہ بیٹی اور بیوی سے تحفہ کیوں لیا۔ صحافی کے سوال پر کہا کہ نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں تقریر کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ کوئٹہ میں خطاب کریں گے، کراچی میں خطاب نہ کرنے کے حوالے سے خبریں درست نہیں ہیں اور یہ پی ڈی ایم کی تحریک میں دراڑ ڈالنے کی سازش جو ناکام ہو چکی ہے، اس طرح کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی خبر بھی سندھ حکومت پر ڈال کر اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی لیکن اب ایسی سازشیں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔

مزیدخبریں