ڈاکٹر شہزاد وسیم سے جاپان کے قائمقام سفیر شیندو یوسوکی ملاقات

 اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سے جاپان کے قائمقام سفیر شیندو یوسوکے نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ دو طرفہ تعاون کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دی جائے انہوں نے پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔ سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط کو مزید استحکام دینے کی ضرورت ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن پاکستانی برانڈ کو فروغ دینا ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں اور سیاحتی شعبے میں پاکستان اور جاپان تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ بین الااقوامی فورمز پر پاکستان اور جاپان کے مابین تعاون مثالی رہا ہے ۔ اس موقع پر مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کا اعادہ کیاگیا۔ جاپان کے قائمقام سفیر نے سینیٹ میں قائد ایوان کو دوطرفہ تعاون کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔جاپان کے قائمقام سفیر نے پاکستانی افرادی قوت کی تعریف کی اور کہا کہ افرادی قوت کے لئے جاپان میں وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم پاکستان جاپان فرینڈ شپ گروپ کے کنوینر بھی ہیں۔ملاقات میں سینیٹر سیمی ایذدی بھی موجود تھیں۔ 

ای پیپر دی نیشن