لاہور(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان اور زمبابوے کے خلاف 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تیس اکتوبر سے دس نومبر تک جاری رہنے والی سیریز کے کْل چھ میں سے پانچ میچوں میں علیم ڈار آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔تین مرتبہ آئی سی سی امپائر آف دی ائیر کا اعزاز اپنے نام کرنے والے پاکستانی امپائر علیم ڈار اس وقت آئی سی سی ایلیٹ پینل برائے امپائرز میں شامل ہیں۔ انہیں سیریز میں شامل تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں سمیت پہلے اور تیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے آن فیلڈ امپائر مقرر کیا گیا ہے جبکہ دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں وہ تھرڈ امپائر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ آئی سی سی نے پروفیسر جاوید ملک کو اس سیریز کے لیے میچ ریفری مقرر کیا ہے۔ وہ آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کا حصہ ہیں۔ سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں آن فیلڈ امپائر کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے احسن رضا کا یہ 50 واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا، وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے امپائر بن جائیں گے۔سی ای سی نے تصدیق کی ہے کہ ان حالات میں کم تجربہ رکھنے والے امپائرز کی تعیناتی کے باعث ہر ٹیم کو میچ کی ہر اننگز کے لیے ایک اضافی ڈی آر ایس رویو دیا جارہا ہے، لہٰذا وائٹ بال کرکٹ میں اب ہر ٹیم کے پاس اننگز میں 2 رویوز لینے کی اجازت ہوگی۔
پاک زمبابوے سیریز کیلئے میچ آفیشلز، علیم ڈار فرائض سرانجام دینگے
Oct 21, 2020