وفاقی وزیرصنعت وپیداوارحماداظہرنے کہاہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیروبا کے باوجود پاکستان کا صنعتی شعبہ بحالی کی طرف گامزن ہے۔بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے لاک ڈائون کے دوران معیشت کے تحفظ کے لئے حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معاشی اشاریوں میں تیزی سے بہتری آئی۔حکومت کی جانب سے بروقت اوردرست فیصلے کیے گئے جن کی وجہ سے معیشت کی بہتری کا عمل شروع ہوا۔انہوں نے کہاکہ سیمنٹ،آٹو، برآمدات، تعمیرات، فرٹیلائزرز اور بڑی صنعتوں کی پیداوار سمیت دیگرشعبوں میں بڑھوتری ریکارڈکی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ 5 سال کے بعد پاکستان کے حسابات جاریہ کاخسارہ فاضل ہو گیاہے۔