قوم جھوٹ بولنے والوں کیخلاف اتھ کھڑی ہوئی: حمزہ شہبازـ

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اداروں کو کمزور کرکے سول بالادستی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ پاک افواج و ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ادارے ہیں۔ کنٹینرز پر چڑھ کر قوم سے جھوٹ بولنے والوں کے خلاف قوم اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ جمہوری راستہ سے ان کو بے نقاب کرکے ان کا محاسبہ کریں گے۔ وہ گزشتہ روز وحدت کالونی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ حمزہ شہباز بدھ کے روز معروف کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی مرحوم کی رہائش گاہ پہنچے جہاں اہلخانہ سے تعزیت کے بعد فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں کبھی سنا نہ کبھی دیکھا جو قوم کے اس وقت حالات ہیں۔ بجلی، گیس، ایل این جی، پیٹرولیم مصنوعات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ خطے میں مہنگائی کم ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ کراچی میں (ن) لیگ دور میں امن آیا۔ پاک افواج و ادارے ملک کی سلامتی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرحدوں کے نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ان اداروں کے وقار کا لحاظ کرنا چاہئے تبھی ملک آگے جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹ میں اہم سیاسی جماعت ہے جو اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ آنے والے دن ہفتے اور مہینے قوم کیلئے مشکل ہوں گے۔ اب مہنگائی کا طوفان تھمنے والا نہیں۔ آئی ایم ایف سے بات چیت کے بعد  مزید مہنگائی عوام کے گھروں پر دستک دے گی۔

ای پیپر دی نیشن