لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چودھری کی سربراہی میں صدر سارک سرجیکل کیئر سوسائٹی پروفیسر لاماوانسے نے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد میں پروفیسر باونتھے گیماج سیکرٹری جنرل سیکرٹری سارک سرجیکل کیئر سوسائٹی اور پروفیسر فاروق افضل صدر سوسائٹی آف سرجنز لاہور شامل تھے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت کو ڈینگی وائرس بروقت کنٹرول کرنا چاہئے تھا۔ کرونا کے بعد اب ڈینگی نے اپنے پنجے گاڑھ لیے ہیں۔ روز بروز ڈینگی کی صورتحال خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سارے پنجاب میں فوراً سپرے شروع کروائے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ سری لنکا نے ڈینگی کو بروقت کنٹرول کیا، پاکستان کو بھی ڈینگی کے مقابلے کیلئے سری لنکا کی ریسرچ سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور اپنے ماہرین کو سری لنکا بھجوانا چاہئے۔ لنکن پروفیسر لاماوانسے نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات ہمیشہ مثبت رہے ہیں، ڈینگی وبا کے خاتمے اور ریسرچ سیل کے تبادلہ کیلئے ہم تیار ہیں۔
ڈینگی نے پنجے گاڑھ لئے‘ پنجاب حکومت کو بروقت کنٹرول کرنا چاہئے تھا: پرویز الٰہی
Oct 21, 2021