20سال قبل تفسیرِ قرآن کا آغاز کیا،12ربیع الاول کومکمل ہوا: طاہر القادری

لاہور(خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام مینار پاکستان پر منعقدہ 38ویں عالمی میلاد کانفرنس کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علالت کے باعث خطاب نہ کرسکے تاہم مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20سال قبل تفسیرِ قرآن کے کام کا آغاز کیا تھا۔ الحمداللہ12ربیع الاول کے مبارک دن یہ کام مکمل ہو گیا۔ تفسیر قرآن کا یہ کام عربی زبان میں ہے اور 16جلدوں پر مشتمل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 5جلدوں پر تفسیر کا ملخص بھی تیار کر لیا ہے بہت جلد اس کے اردو اور انگریزی تراجم بھی تیار ہو جائیں گے۔ اس اعلان پر ہزاروں شرکاء نے کھڑے ہو کر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی میلاد کانفرنس میں شریک ہونے والے علمائے کرام مولانا عبدالخبیر آزاد، سید جواد حسین نقوی ،سیدضیاء اللہ شاہ بخاری، مفتی محمد اقبال چشتی، پیر سید شمس الرحمن مشہدی، پیر سید ماجد محبوب گیلانی، سید یاسر حسین گیلانی، صفدر علی محسن کو مبارکباد دی۔چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ قرآن مجیدمیں اللہ تعالیٰ نے خود سیرت النبی  بیان کی ہے۔ آپ کے پیکرِ جمال ،اخلاق اور معاملات سے متعلق آیات نازل ہوئیں۔ عالمی شہرت یافتہ نعت خوانین ظہیر بلالی برادران، شہزاد برادران، الحاج شہباز قمر فریدی، الحاج محمد افضل نوشاہی، حمزہ نوشاہی ، حافظ خرم شہزاد مدنی و برادران نے کلام پیش کیا جبکہ قاری شفیق نعیمی، قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری سید خالد حمید کاظمی نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ 

ای پیپر دی نیشن