لاہور(خصوصی نامہ نگار)سروری جماعت کے زیر اہتمام جشن ولادت کے حوالے سے ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی قیادت سلسلہ سروری کے روحانی پیشوا سخی سلطان بابا جانی سرکار نے کی۔ درود و سلام ، ذکر واذکار اور نعتوں سے مہکتی اور گونجتی فضائوں میںعید میلاد النبی ؐریلی میں لاہور سمیت دیگر شہروں کے ہر عمر اور طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شیر خواربچے، نوجوان، ادھیڑ عمر افراد اور خواتین پر مشتمل ریلی کے شرکاء بسوں ، کاروں، موٹرسائیکلوں، چنگ چی رکشوں، ٹرالیوں، بیل گاڑیوں، آٹو رکشائوں اور سائیکلوں پر سوار اور انہوں نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ،جن پر آقائے دوجہاں کی آمداور حیات طیبہ کے حوالے سے نعرے اور اشعار درج تھے۔ آمد مصطفی ، مرحبا مرحبا، ہم اپنے نبی کے دیوانے ، غلام ہیں غلام ہیں رسول کے غلام ہیں ، حضور آئے تو دل جگمگائے،آگئے سرکار، لبیک یا رسول اللہ اور نعرہ رسالت لگاتے شرکا ء مرکز جامع مسجد تقویٰ ہربنس پورہ سے روانہ ہوئے۔ ریلی مغلپورہ چوک، شالیمار لنک روڈ،باغبانپورہ سنگھ پورہ سے ہوتی ہوئی براستہ گڑھی شاہو لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی پہنچی۔راستے میں جا بجا انجمن تاجران کے عہدیداران اور سلسلہ سروری سے منسلک عقیدت مندوں نے گل پاشی کی ،ریلی شملہ پہاڑی سے ہوتے ہوئے ریلی چیئرنگ کراس مال روڈ پہنچی ،جہاں حاضرین نے کلمہ طیبہ اور اسمائے الحسنہ کاذکر کیااس کے بعد اور گورنر ہائوس سے ہوتے ہوئے صدر گول چکر پہنچ کراختتام پذیر ہوئی جہاں بابا جانی نے اختتامی دعا کروائی اور شرکا میں سروری لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔