اسلام آباد، لندن (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ، این این آئی) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام پر پاکستان سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور آئی ایم ایف مشن مختلف تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے۔ واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرقی وسطی و ایشیائی ممالک جہاد ازعور نے صحافیوں کو بتایا کہ آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کے مابین 6 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے چھٹے جائزے پر بات چیت ’بہت اچھی سمت‘ میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف مشن اور حکام فی الحال پروگرام کے چھٹے جائزے کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں اور پروگرام کے مختلف پہلوؤں اور ان اقدامات کے بارے میں گفتگو کی جاری ہے جن پر حکومت پاکستان فی الحال غور کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے، حکام اور آئی ایم ایف مشن مختلف تفصیلات کو دیکھ رہے ہیں۔ اس حوالے سے شوکت ترین کے ترجمان مزمل اسلم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری بات چیت میں شامل ہونے کے لیے مشیر خزانہ واشنگٹن واپس آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے نتیجہ مذاکرات سے متعلق میڈیا رپورٹس بے بنیاد ہیں۔ ادھر گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات درست سمت میں جاری ہیں، معاہدہ ہونے کا جلد امکان ہے، پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے۔ لندن میں پاکستانی کمیونٹی اور تاجروں کے عشائیہ سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت میںگورنر سٹیٹ بنک نے کہاکہ پاکستان میں مہنگائی کوئی انوکھی بات نہیں، یہ عالمی مسئلہ ہے۔ دنیا بھر میں تیل کی بڑھتی قیمتیں مہنگائی کی بڑی وجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے وزیر اعظم کا پیغام لے کر آیا ہوں، اب تک 2 لاکھ 60 ہزار روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کھل چکے ہیں، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے 2.6 ارب ڈالر پاکستان آئے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، مہنگائی پوری دنیا میں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں جو مہنگائی ہے وہ پچھلے تیس سالوں میں نہیں ہوئی، ایکسچینج ریٹ جون 2019 سے مارکیٹ پر چھوڑ دیا گیا ہے، ادائیگیوں کا دبائو اس لیے ہے کہ ہماری معیشت بہتر ہورہی ہے۔ تقریب سے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم علی اور انیل مسرت نے بھی خطاب کیا۔
مذاکرت میں پیشر فت ہوئی ، آئی ایم ایف: معاہدہ جلد ہو سکتا ہے، گورنر سٹیٹ بنک
Oct 21, 2021