عالمی منڈیوں میں تیل کی بڑھتی قیمتیں، حکومت  اضافہ پر مجبور:طارق وزیرعلی

لاہور(کامرس رپورٹر )آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین طارق وزیر علی نے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میںتیل کی بڑھتی قیمتوں کے رجحان کی وجہ سے حکومت کیلئے بھی قیمتیںبڑھاناناگزیر ہے ۔25 سے زائد کمپنیوں کے سیل میں 30 فیصد جبکہ سٹوریج میں 50 فیصد شیئرزہیں اورمارجن میں 0.75فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے،موجودہ حکومت نہ ہونے کے برابر ٹیکس لے رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے دفتر میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں کرونا وباء کی وجہ سے ڈیمانڈ اورسپلائی میںفرق کی وجہ سے قیمتیں مزید بڑھیں ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور اس صورتحال میں قیمتوں کو بڑھانا ناگزیر تھا۔انہوںنے کہاکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کو کم سے کم سطح پر برقرار رکھا ہے تاکہ قیمتیں کنٹرول رکھی جا سکیں۔عالمی منڈی میں کرونا پابندیاں ختم ہونے کے بعد کاروباری سر گرمیاں بحال ہو رہی ہیںجس کی وجہ سے تیل کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ٹرن اوور ٹیکس، پورٹس پر جہازوں کے رش کو کم کرے تاکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن