حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت))ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی نے انسانی ہمدردی کی لازوال مثال قائم کر دی ۔چند روز قبل علی پورڑ پر کیچڑ میں گرنے والے سکول طالبہ سے سڑک کی تعمیر اور ٹف ٹائل لگانے کے منصوبے کا افتتاح کرایا۔ایم این اے نے اپنا ہار اتار کر طالبہ کے گلے میں ڈال دیا۔افتتاحی تقریب میں پی ٹی آئی کے ضلعی رہنماء چودھری سکندر نواز بھٹی،ملک پھول اعوان اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔علی پورڑ روڑ ،کشمیر نگر میں سیوریج اور ٹف ٹائل لگانے کے منصوبے پر 12کروڑ لاگت آئیگی ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی کا کہنا تھا کہ اپنے علاقہ کی تعمیر وترقی ہمارا مشن ہے اور ہم عوام کی خدمت اور تعمیر وترقی سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے انکا کہنا تھا کہ علی پورڑ پر سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لیے نیا سیوریج سسٹم تعمیر کیا گیا ہے جبکہ سڑک پر ٹف ٹائل لگائی جا رہی ہے انشاء اللہ اب اس علاقہ میں نکاسی آب کا مسئلہ ختم ہو جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ چند روز قبل اسی علاقہ کی سکول جانے والی طالبہ جب کیچڑ میں گری تو مجھے بہت دکھ پہنچا اور ہم نے اس دن سے یہ ارادہ کر لیا کہ علی پورڑ روڑ کشمیر نگر کے نکاسی آب اور ٹف ٹائل لگانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائیگا ۔