ترکی نے اپنی سرزمین پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام بنا کر اس کے 15 جاسوس بھی گرفتار کر لیے ہیں۔ یہ کامیاب آپریشن ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (ایم آئی ٹی)نے کیا ہے جس کے ذریعے تقریبا 200 منظم نیٹ ورکس بے نقاب کیے گئے ہیں۔ ترکی کے موقر اخبار صباح کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے جاسوس 7 اکتوبر کو کیے جانے والے ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیے گئے ہیں۔ آپریشن ترکی کے چار مختلف صوبوں میں بیک وقت کیا گیا تھا۔ترکی کی انٹیلی جنس آرگنائزیشن نے اس آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ایک سال کا صبر آزما وقت گزارا۔ترکی کی ایم آئی ٹی نے اس عرصے کے دوران اسرائیلی جاسوسوں کی انتہائی خفیہ طور پر نگرانی کی، ان کے متعلق تفصیلی معلومات جمع کیں اور پھر تمام ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی۔اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے گرفتار جاسوسوں پر الزام ہے کہ انہوں نے خفیہ ایجنسی موساد کو ترک شہریوں اوران غیر ملکیوں کی بابت تفصیلی معلومات فراہم کیں جو ملک میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اس ضمن میں ابتدائی طور پر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ موساد کے جاسوسوں کا زیادہ تر ہدف ان ممالک کے طلبا ہوتے تھے جو اسرائیل مخالف سمجھے جاتے ہیں۔
ترکی میں اسرائیلی موساد کا منصوبہ ناکام، 15 جاسوس گرفتار
Oct 21, 2021 | 21:47