لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے پنجاب کی گندم بند کر دی۔ میں ان کا بندوبست کروں گا۔ شہباز شریف صرف اعلان کرتے ہیں اورجھوٹ بولتے ہیں۔ تلہ گنگ میں بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا سندھ کوگندم دے دی، ہمیں اپنے پیسوں سے گندم لینے کی اجازت بھی نہیں دے رہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالہی نے کہا کہ تلہ گنگ والوں کو گواہ بنا کرکہتا ہوں ن لیگ والے بہت جھوٹ بولتے ہیں۔ میں نے ان کے ساتھ 15سال ر ہ کر قریب سے ان کا چہرہ دیکھا۔ سارے ٹبر نے سچ نہ بولنے کی قسم کھائی ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے ایسا بندہ بھیجنے کی درخواست کی تھی جو ان سے نمٹ لے تو عمران خان مل گیا۔ سیلاب آیا تو سب کو باہر سے آیا ہوا پیسے اور سامان دیا، ہمیں کچھ نہیں ملا۔ عمران خان کے ساتھ ملکر ٹیلی تھون کی تو ڈھائی ارب روپیہ اکاؤنٹ میں آگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے احساس پروگرام کا بل پاس کر لیا۔ اب یہ صوبے بھر میں لاگو ہو گا۔ سیلاب والوں کو بھی احساس سے امداد دیں گے۔ 80لاکھ نادار خاندانوں کو پروگرام کے ذریعے رعایتی نرخوں پر راشن دیں گے۔ دوکاندار کو بھی احساس پروگرام سے دس فیصد ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ تلہ گنگ میں سڑکوں کا جال بچھا کر انڈسٹریل زون بنائیں گے۔10سال تک تلہ گنگ انڈسٹریل زون کو ٹیکس فری قرار دیں گے۔ تلہ گنگ میں اعلی یونیورسٹی، میڈیکل کالج اور انجینئرنگ یونیورسٹی بنے گی۔ تمن ڈیم اور لاوا ڈیم بنا کر تلہ گنگ کے لوگوں کی ضروریات پوری کریں گے۔ تلہ گنگ اور چکوال کی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔ چکوال اور تلہ گنگ کو ملا کر ڈویژن بنانے کا پروگرام ہے۔ تلہ گنگ ہزاروں لوگوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ختم نبوت مسجد بنائیں گے۔ تلہ گنگ کے لوگوں نے خلوص اورپرتپاک استقبال کر کے حق ادا کر دیا۔ سارے لوگ چھوڑ گئے، تلہ گنگ کے لوگ ساتھ کھڑے رہے، میری نسلیں بھی نہیں بھولیں گی۔ حافظ عمار یاسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی ہمارے محسن ہیں ضلع بنا کر نیا تشخص دیا۔
شہباز شریف نے پنجاب کی گندم بند کر دی ، ان کا بندو بست کروں گا : پرویز الہی
Oct 21, 2022