اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے دوستانہ تعلقات اور پائیدار تزویراتی شراکت داری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں امارات کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ یو اے ای کے سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کے ساتھ ساتھ متاثرین کی جلد از جلد بحالی کی امید ظاہر کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرین کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ غیر معمولی مدد کو سراہا۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ علاوہ ازیں بیلجیئم کے سفیر چارلس جوزف ایم ڈیلوگن نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ اور دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
آرمی چیف سے امارات، بیلجئیم کے سفیروں کی ملا قات ، سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال
Oct 21, 2022