یواو ای، یو او اومیں مفاہمتی یادداشت، ڈاکٹر شاہد صدیقی کی کتاب کی تقریب رونمائی 

لاہور (سپیشل رپورٹر) تعلیم و تحقیق کے شعبہ میں باہمی تعاون کے فروغ کیلئے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور اور یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے مابین گزشتہ روز مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں منعقد ہونیوالی اس تقریب میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی طرف سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہ امتیاز) اور یونیورسٹی آف اوکاڑہ کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے دستخط کئے۔معاہدے کی رو سے دونوں جامعات اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف 2030ء کے حصول کیلئے مل کر کام کریں گی۔ طلباء کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے انہیں ہاسٹل، لیبارٹریز اور دیگر آلات کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دونوں جامعات تجربہ کار ماہرین تعلیم کی نگرانی میں مشترکہ طور پر سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسز کا انعقاد کریں گی۔ طلباء کو ان کی پیشہ وارانہ ترقی کیلئے انٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کئے جائینگے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کہا کہ بلاشبہ عصر حاضر میں انسانی ترقی کی بنیاد تعلیم و تحقیق پر مبنی ہے۔ جس ملک یا قوم نے تعلیم و تحقیق کو اپنا زیور بنایا وہ ترقی کے عروج پر پہنچ گئی تاہم بدقسمتی سے پاکستان میں تعلیم و تحقیق کے شعبہ میں وہ کام نہیں ہو سکا، جس کی ضرورت ہے لیکن پاکستان کی جامعات اپنی اس ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اسے ضرورت کو پورا کرنے کی تگ و دو میں لگی ہیں اور آج کے معاہدے کا بھی یہی عظیم مقصد ہے کہ تعلیم و تحقیق کے شعبہ میں اشتراک سے اس کو فروغ دیا جائے۔دریں اثناء یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں گزشتہ روز سابق وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی و نامور مصنف ڈاکٹر شاہد صدیقی کی کتاب ’’پوٹھوہار: خطہ دِل رْبا‘‘ کی تقریب رونمائی ہوئی، جس کے مہمان خصوصی  وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) جبکہ صدارت معروف صحافی و تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی نے کی۔ 

ای پیپر دی نیشن