لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کے کرکٹر کولن منرو نے کہا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بیٹرز کو سکور بورڈ پر بڑے رنز ڈالنا ہونگے، بیٹنگ اچھی رہی تو پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کی ایک اچھی ٹیم ہوگی۔پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم راولپنڈی ریڈرز کے مینٹور کولن منرو نے کہا کہ شاہین آفریدی کے فٹ ہونے کا پاکستان ٹیم کو فائدہ ہوگا‘ فٹنس کے بعد اب مکمل تیار ہیں، وارم اپ میچ میں انہوں نے اچھی بائولنگ کی ہے، وہ آغاز اور پھر ڈیتھ اوورز میں غیر معمولی بائولنگ کرتے ہیں، جس سے پاکستان ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے ۔بائولنگ پاکستان ٹیم کا کبھی مسئلہ نہیں رہا، بیٹنگ لائن کو بڑے رنز بورڈ پر ڈالنے ہوں گے، بیٹنگ پر توجہ دے کر پاکستان ورلڈ کپ کی خطرناک ٹیم بن سکتی ہے، 160 کے بجائے 170، 180 رنز کرنا ہوں گے تاکہ بائولرز دفاع کر سکیں۔یہ کہنا مشکل ہے کہ ورلڈ کپ کون جیتے گا، آسٹریلیا ہوم گراؤنڈ پر سخت حریف ہے، نیوزی لینڈ ٹیم کو بھی کسی وقت ہلکا نہیں لیا جاسکتا، میں ابھی دیکھ رہا ہوں کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم سپر 12 مرحلے میں پہنچنے کیلئے مشکل میں ہے۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا پہلا میچ بڑا میچ ہوگا لیکن سڈنی میں بارش کی اطلاعات ہیں ہوسکتا ہے نیوزی لینڈ آسٹریلیا کا پہلا میچ بارش سے متاثر ہو اور ایک ایک پوائنٹ ملے۔
میں نے پاکستان میں ہمیشہ اپنے قیام کے دوران انجوائے کیا بلکہ میں تو کہتا ہوں کہ پاکستان میں میرا معدہ مجھ سے زیادہ انجوائے کرتا ہے کیونکہ یہاں مختلف کھانوں کا مزہ آتا ہے، اب گھر واپس جا کر جم کر کے فٹ ہونے کی کوشش کروں گا۔ پاکستان میں فینز کرکٹ سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں، مجھے اس چیز کا مزہ آتا ہے، اچھی چیز یہ ہے کہ پاکستان کے فینز کو گزشتہ دو برسوں سے بڑی مختلف کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے۔اب پاکستان میں بڑی ٹیموں کیساتھ بھی سیریز ہورہی ہیں، کھلاڑیوں کیلئے بھی اچھا ہے کہ وہ کلر فل ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلتے ہیں، کرکٹرز پہلے دبئی اور ابوظبی میں کھیلتے تھے، ان کیلئے یہ ایک اچھا وقت ہے۔ بدقسمتی سے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی مڈل اوورز میں بیٹنگ کِلک نہیں کی، پی جے ایل میں کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا ہے۔ میں نے ہی نہیں سیکھا بلکہ نوجوان کرکٹرز کو مستقبل کیلئے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، کئی ایک نوجوان آگے بڑھیں گے اور پی ایس ایل جیسی فرنچائز کرکٹ کھیلیں گے۔