کوئٹہ( این این آئی) نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ ایک جانب اسلام آباد ہمارے وسائل لوٹ رہا ہے دوسری جانب مٹھی بھر وسائل مل جاتے ہیں ،انہیں نام نہاد عوامی نمائندے ہڑپ کرجاتے ہیں کوئٹہ میں سالانہ نو ارب روپے صرف ایم پی اے فنڈ کے خرچ ہورہے ہیں مگر شہر میں نہ اچھا اسکول ہے نہ صحت کی سہولیات نہ پینے کا صاف پانی اور نہ ہی سیوریج و ڈرینج کا نظام ہے ،سارا پیسہ کرپشن کی نذر ہوتا ہے جو عوام کی بدقسمتی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو فرنٹیئر کالونی کلی ترخہ کوئٹہ میں نیشنل پارٹی میں شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر مالک بلوچ نے واضح کیا کہ ایک ذمہ دار سیاسی قیادت اور منظم سیاسی جماعت ہی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات کرسکتا ہے ،جذباتی نعروں بڑے بڑے دعوؤں پر کان دھرنے کے بجائے سنجیدگی کے ساتھ حق نمائندگی کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاسی کارکنوں کی جماعت ہے جس کا تعلق عوام سے ہے اور اس کی قیادت خود کو عوام کے سامنے جوابدہ تصور کرتا ہے بلوچستان کے لوگ نان شبینہ کے محتاج ہیں ریاست صحت تعلیم جان و مال کی تحفظ جیسے بنیادی مسائل سے بھی غافل ہیں۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی صوبائی صدر رحمت صالح بلوچ مرکزیْ سیکرٹری اطلاعات اسلم بلوچ نیشنل پارٹی کوئٹہ کے صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی نیاز بلوچ جلیل لانگو ایڈووکیٹ حاجی عبدالصمد رند ریاض زہری حبیب اللہ بنگلزئی عمران مشوانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر عمران مشوانی ثناء اللہ مشوانی محمد ہارون نورزئی اختر محمد نورزئی عمران خان ظہور احمد بنگلزئی محمد موسی بنگلزئی نیاز بھائی زبیر احمد سرپرہ عمران مشوانی رحمت اللہ صام خان شیراحمد وفا جان منیر احمد اسفند خان ایمل خان محمد اصغر رام لعل غلام رسول بنگلزئی اور حاجی محمد عثمان بنگلزئی نے نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔