اسلام آباد(نا مہ نگار) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (اوجی ڈی سی ایل)نے دوست ویلفیئر فاﺅنڈیشن کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں منشیات کے عادی افراد کی سماجی بحالی کے لئے اقدامات کئے جا سکیں۔اوجی ڈی سی ایل کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت شروع کیا گیا، دو سالہ پروگرام بنیادی طور پر منشیات کے استعمال کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔اس پروگرام کے تحت مختلف عمر کے لوگوں میں بلخصوص نوجوانوں میں شعور پیدا کیاجائے گا۔یہ پروگرام مقامی لوگوں کو منشیات کی عادت
سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کرے گا۔ اوجی ڈی سی ایل کے مکمل تعاون سے یہ پروگرام دوست فاﺅنڈیشن کی جدید ترین بحالی کی سہولیات کے ذریعے منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔ضلع کوہاٹ میں سروس ڈیلیوری سنٹر مقامی لوگوں کو علاقے سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔
اس پروجیکٹ میں عام لوگوں اور منشیات کے عادی افراد میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں آگاہی مہم کا اہتمام کیا جائے گا جس میں دوبارہ نشے کی عادت سے بچاﺅ، آگاہی، معاشرے کی حساسیت اور متحرک خدمات شامل ہوں گی۔مخصوص اضلاع میں مرکزمذکورہ خدمات کے علاوہ، منشیات کے عادی افراد بشمول مرد، خواتین اور بچوں کی شناخت کرے گا اور پشاور میں علاج اور بحالی کی خدمات کے لیے دوست فاﺅنڈیشن کی رہائشی سہولیات میں بھیجے گا۔