ماجدہ خانم اپنے علم و ہنر سے خلق خدا کو فائدہ پہنچا رہی ہیں

Oct 21, 2022

دبئی (طاہر منیر طاہر) صرف علم حاصل کر لینا ہی کافی نہیں ہوتا بلکہ اپنے علم سے دوسروں کو فائدہ پہنچانا اورعلم کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پھیلانا اصل بات ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔ بہت سے لوگ علم کو اپنی حد تک محدود رکھتے اور صرف اپنے ذاتی فائدہ کے لئے استعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ علم کی شمع کو آگے بڑھاتے ہوئے خلق خدا کو علم و ہنر بانٹتے اور انہیں فائدہ پہنچاتے ہیں۔ ایسے لوگ یقیناً لائق صد تحسین و آفرین ہیں۔ ایسے ہی قابل مثال لوگوں میں سے خدا داد صلاحیتوں کی مالک ایک پاکستانی خاتون ماجدہ خانم ہیں جو اپنے علم و ہنر سے خلق خدا کو فائدہ پہنچا رہی ہیں۔ ماجدہ خانم کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ متحدہ عرب امارات میں گزشتہ دو دہائیوں سے موجود ہیں۔ وہ ایک اعلی تعلیم یافتہ خاتون ہیں جو امارات میں نہ صرف پاکستانیوں بلکہ دیگر اقوام عالم کے لوگوں کو مختلف النوع ٹریننگ دے رہی ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک کے لوگ بھی ان کے علم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ماجدہ خانم نے انگلش لینگویج اورہیومن ریسورسز میں ماسٹرزکے علاوہ دیگر متعدد شعبوں میں اعلی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔ وہ مختلف کمپنیوں میں خود بھی ہیومن ریسورسزڈائریکٹر اوربطور ایڈمن کام کر چکی ہیں۔ خود ہیومن ریسورسز پروفیشنل ہوتے ہوئے وہ آجکل ہیومن ریسورسز اور دیگر اہم عہدوں پر فائز لوگوں کو کام کی تربیت دیتی ہیں۔ امارات میں مقیم بیشمار پاکستانی خواتین میں سے ٹریننگ کے شعبہ سے وابستہ خواتین بہت کم ہونگی جبکہ ماجدہ خانم نے اس مشکل لیکن اہم کام کا انتخاب کیا ہے جس پر پاکستانی کمیونٹی کو ان پر فخر ہونا چاہیے۔ ماجدہ خانم نے بیرون ملک بسلسلہ روزگار کی تلاش میں آنے والوں کے لیے (Win Your Dream Job in the UAE) کے ٹائٹل سے ایک انتہائی معلوماتی کتاب بھی لکھی ہے۔ جس میں پاکستان سے بسلسلہ روزگار یہاں آنے والوں کے لئے مکمل رہنمائی کی گئی ہے، متذکرہ معلوماتی کتاب میں CV کی تیاری اورملازمت کے لئے انٹرویو کے سلسلہ میں رہنمائی کی گئی ہے۔ اسی کتاب میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والی بڑی بڑی کمپنیوں کے تعارف اور نام و پتے دیئے گئے ہیں تا کہ نئے آنے والوں کو جاب ڈھونڈھنے والوں کو آسانی ہو اور کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ ماجدہ خانم اپنے ٹریننگ سینٹر میں مختلف النوع موضوعات پر ٹریننگ بھی فراہم کرتی ہیں تا کہ کوئی اہم جاب شروع کرنے پر کسی کو کوئی مشکل در پیش نہ ہو۔ ماجدہ خانم نے بتایا کہ وہ نہ صرف انگلش بلکہ اپنے ہموطنوں کی آسانی کے لیے اردو میں بھی ٹریننگ فراہم کرتی ہیں تا کہ سمجھنے والے کو آسانی ہو۔ماجدہ خانم پاکستان میں شعبہ تعلیم سے وابستہ رہیں جبکہ امارات میں آ کر ملازمت کے بعد انہوں نے ٹریننگ کے شعبہ کو ترجیح دی۔ سمندر پار بسلسلہ روزگار آنے والوں کو ماجدہ خانم نے مشورہ دیا ہے کہ وہ بیرون ملک جاب کی تلاش میں آنے سے قبل اپنے ملک میں رہ کر ہوم ورک کریں۔ جس ملک جا رہے ہیں وہاں کے کلچر کے بارے میں جانیں اور جس جاب کی تلاش کے لئے جا رہے ہیں اس بارے مکمل معلومات اکٹھی کریں تا کہ وہاں جا کر ان کا وقت ضائع نہ ہو۔ اپنا CV بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائیں اور اسے اپ ڈیٹ رکھیں۔ ماجدہ خانم کا کہنا ہے کہ بیرون ملک حصول روزگار کے لیے تمام تر معلوماتی مواد ان کی کتاب اور ویب سائٹ پر موجود ہے جہاں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں